ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / حیدر آباد۔کرناٹک کو خصوصی امدادی پیاکیج دینے کا مطالبہ

حیدر آباد۔کرناٹک کو خصوصی امدادی پیاکیج دینے کا مطالبہ

Mon, 26 Oct 2020 22:33:03    S.O. News Service

گلبرگہ،26؍اکتوبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) کرناٹک کی ریاستی حکومت کو چاہئے کہ وہ علاقہ حیدر آباد کرناٹک (تبدیل شدہ نام کلیان کرناٹک) کوحالیہ شدید بارش اور سیلاب سے ہونے والے بھاری نقصانات کے پیش نظر اس علاقہ کے لئے خصوصی امدادی پیاکیج جاری کرے۔ یہ مطالبہ ریاستی بہوجن سماج پارٹی کے جنرل سیکریٹری مہادیوا دھنی نے کیا ہے۔ 

گلبرگہ میں میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہزاروں افراد اپنے گھروں سے محروم ہوگئے ہیں اور کسان اس زبردست سیلابی کیفیت سے اپنی فصلوں سے محروم ہوگئے ہیں۔ کئی ایک دیہات بشمول گھٹرگا، بھنکلگا، الاگی بی تعلقہ افضلپور زیر آب ہوگئے ہیں۔ چنچولی، سیڑم، چیتاپور، کلبرگی اور جیورگی تعلقہ جات کو بھی حالیہ بارش اور سیلابی کیفیت سے شدید نقصان پہنچا ہے۔ ایسے حالات میں ریاستی اور مرکزی حکومت دونوں کو امدادی کامشروع کردینا چاہئے۔ 

مسٹر مہادیو دھنی نے کہا کہ ڈپٹی چیف منسٹر کرناٹک گووندکارجول جو ضلع گلبرگہ کے انچارج وزیر بھی ہیں انھوں نے اس ضلع کا دورہ کرتے ہوئے سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور نقصانات کا معائنہ نہیں کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان حالات کے پیش نظر سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا اندازہ ایک سائینٹفک انداز میں کیا جانا چاہئے اور مستحق افراد کو انشورینس فراہم کیا جانا چاہئے۔ مسٹر دھنی نے کہا کہ امدادی مراکز پر مبینہ طور پر جو امتیاز ی سلوک کیا جارہا ہے اس پر پابندی عائد کرنے کے لئے ایک ٹیم تشکیل دی جانی چاہئے۔ 


Share: